ویب ڈیسک: بھارتی جریدے ’دی وائر‘ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مودی حکومت کے دور میں بھارتی مسلح افواج میں ہندوتوا نظریے کے فروغ اور آر ایس ایس کے اثر و رسوخ میں اضافے کا عمل تیز ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج میں مذہبی رجحانات کے فروغ، وردی میں مذہبی مقامات کے دوروں اور سرکاری تقاریر میں مخصوص مذہبی اسلوب اپنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جسے فوج کے پیشہ ورانہ تشخص کے لیے تشویش ناک قرار دیا گیا ہے۔
’دی وائر‘ کے مطابق 2014 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارتی فوج میں نظریاتی تبدیلیوں کا عمل تیز ہوا، جبکہ جنرل بپن راوت کی آرمی چیف کے عہدے پر تقرری کو بھی روایتی سینیارٹی کے اصول سے انحراف قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نئے 100 سینک اسکولوں کے منصوبے میں آر ایس ایس کے تعلیمی ونگ ’ودیا بھارتی‘ اور اڈانی گروپ کی شمولیت کے ذریعے نئی نسل کی تعلیم کو ہندوتوا قوم پرستی سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’پروجیکٹ اودبھو‘ کے تحت قدیم ہندو متون کو فوجی تربیت اور فکری بیانیے کا حصہ بنایا جا رہا ہے، جس سے بھارتی معاشرے میں مذہبی بنیادوں پر تقسیم اور اقلیتوں کے بارے میں شکوک و شبہات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
’دی وائر‘ نے ان رجحانات کو بھارتی فوج کی غیرجانبداری، پیشہ ورانہ روایات اور کثیرالمذہبی شناخت کے لیے ایک اہم سوال قرار دیا ہے۔