ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے چیچہ وطنی سے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری محمد حنیف جٹ کی اچانک طبیعت خراب ہوئی، جس پر انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
چوہدری محمد حنیف جٹ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر آزادی چوک اسٹیڈیم، چیچہ وطنی میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات، مسلم لیگ ن کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
چوہدری محمد حنیف جٹ نے چیچہ وطنی کی سیاست میں فعال کردار ادا کیا۔ رکن پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے اپنے حلقے کے عوامی مسائل کو صوبائی اسمبلی میں اجاگر کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی رکن پنجاب اسمبلی حنیف جٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا کی۔