(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مدارسِ عربیہ کی رجسٹریشن کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا، مدارس کو مبارکباد، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ کرتے ہیں ۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پنجاب میں مدارسِ عربیہ کی رجسٹریشن کے دیرینہ مسائل قانون سازی کے ذریعے حل ہونے پر تمام مدارسِ عربیہ، ان کے ذمہ داران اور وفاقوں و تعلیمی بورڈز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ اب ان شاء اللہ مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کھولنے میں کسی سطح پر مشکلات نہیں ہوں گی۔
انہوں نے اس اہم کامیابی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
متحدہ مدارس کونسل، قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین اور تمام وفاقوں و تعلیمی بورڈز کی قیادت کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی اعتماد، مسلسل مشاورت اور تعاون سے مدارسِ عربیہ کا ایک دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ حل ہوا ہے۔