شیشے جیسے شفاف سر والی نایاب مچھلی پہلی بار 4k فوٹیج میں قید، ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا

شیشے جیسے شفاف سر والی نایاب مچھلی پہلی بار 4k فوٹیج میں قید، ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا

(ویب ڈیسک)سمندری حیاتیات کے ماہرین نے پہلی بار سمندر کی پراسرار گہرائیوں میں رہنے والی انتہائی نایاب اور انوکھی ' بیریل آئی مچھلی' (Barreleye fish) کی اعلیٰ معیارالٹرا ایچ ڈی   ویڈیو ریکارڈ کر لی ہے، جس کا سر شیشے کی طرح بالکل شفاف ہے اور اس کے اندر موجود سبز آنکھیں واضح طور پر حرکت کرتی نظر آتی ہیں۔

یہ سائنسی بریک تھرو 'مونٹیری بے ایکویریم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ' (MBARI) کے محققین کی ٹیم نے بحری جہاز 'ڈیوڈ پیکارڈ' پر ایک مہم کے دوران حاصل کیا۔

ماہرین نے ریموٹ سے کنٹرول ہونے والی آبدوز نما گاڑی (ROV Doc Ricketts) کی مدد سے سمندر کی سطح سے تقریباً1970فٹ کی تاریک گہرائی میں اس مچھلی کو دیکھا اور 20 منٹ تک مسلسل اس کی انتہائی تفصیلی ایچ ڈی فوٹیج فلمبند کی۔

نایاب ترین مخلوق:

سائنسی طور پر 'میکروپنا مائیکرو اسٹوما' (Macropinna microstoma) کہلانے والی یہ 6 انچ لمبی مچھلی سمندر کے ٹوائی لائٹ اور مڈ نائٹ زونز (2000سے2600فٹ گہرائی) میں پائی جاتی ہے۔

ادارے کی 40 سالہ سمندری تحقیقات کی تاریخ میں ماہرین کا اس انوکھی مخلوق سے یہ صرف 10 واں آمنا سامنا تھا۔

مچھلی کے چہرے کے آگے نظر آنے والے دو سوراخ اس کی آنکھیں نہیں بلکہ سونگھنے کے اعضا ہیں، جبکہ اس کی اصل بڑی اور گول سبز آنکھیں اس کے شیشے جیسے شفاف گنبد نما سر کے اندر موجود ہوتی ہیں۔

یہ شفاف جیلی نما سر دراصل ایک کھڑکی کا کام کرتا ہے جس کے اندر سے مچھلی کی آنکھیں اوپر کی جانب گھوم کر تیرنے والے کیڑے مکوڑوں اور جھینگوں (Crustaceans) کے سائے تلاش کرتی ہیں۔

یہ محفوظ شیل مچھلی کی آنکھوں کو جیلی فش کے زہریلے ڈنکوں سے بھی بچاتا ہے جب وہ جیلی فش سے کھانا چھین رہی ہوتی ہے۔

اس کے بڑے پر (Fins) اسے پانی کے اندر ایک ہی جگہ بغیر ہلے تیرتے رہنے کی حیرت انگیز صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔

سائنسدانوں کا ردِعمل:

مشن کے سینئر سائنسدان اسٹیون ہیڈوک کے مطابق تاریخی کتابوں میں جال کے ذریعے پکڑی گئی مچھلیوں کے خاکوں میں سر کا شفاف حصہ تباہ ہو چکا ہوتا تھا، لیکن اصل ماحول میں اس کے زندہ "کاک پٹ" کو دیکھنا ایک زبردست تجربہ ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے اس ویڈیو کو بیک وقت 'خوفناک اور بے حد خوبصورت' قرار دیا ہے جو سمندر کے انوکھے پن کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔

Watch Live Public News