(ویب ڈیسک) پاکستان کی نامور اور لیجنڈری گلوکارہ حمیرا چنا کی گاڑی کراچی کے علاقے بہادر آباد سے چوری ہو گئی ہے، جس پر صوبائی وزیرِ داخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی چوری کی یہ واردات گزشتہ روز بہادر آباد میں 'چار مینار چورنگی' کے قریب پیش آئی۔نامعلوم ملزمان معروف گلوکارہ کی گاڑی باآسانی لے اڑنے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گاڑی چوری کا باضابطہ مقدمہ نیو ٹاؤن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
وزیرِ داخلہ سندھ کا سخت نوٹس:
وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے معروف گلوکارہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا فوری نوٹس لیا ہے۔انہوں نے ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل (ACLC) اور ایس ایس پی ایسٹ سے اس واردات پر فوری اور جامع رپورٹ طلب کر لی ہے۔
صوبائی وزیرِ داخلہ نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے ہیں کہ چوری شدہ گاڑی کا فوری سراغ لگا کر اسے برآمد کیا جائے اور واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔