ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے ڈگری ہولڈرز نوجوانوں کے لیے نومبر سے ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو عملی تجربہ، پیشہ ورانہ تربیت اور کیریئر کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف کمپنیوں کے اشتراک سے ہنر مندی کے شارٹ کورسز کا اگلا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ گزشتہ تین ماہ میں 4 ہزار 800 امیدوار کورسز مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 6 ہزار زیرِ تربیت ہیں۔ نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے ہر ہفتے 18 سے 20 کیریئر کونسلنگ سیشنز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ پورٹل پر اب تک 53 لاکھ سے زائد وزٹس ریکارڈ کیے گئے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 37 ہزار 770 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ پورٹل پر 726 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں اور 26 ہزار 677 فعال ملازمتیں دستیاب ہیں۔ مختلف آسامیوں کے لیے اب تک 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔