ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ شیڈول کے مطابق پولنگ 20 دسمبر 2026 کو ہوگی، جو 2015 کے قانون کے تحت منعقد کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے لیے عوامی نوٹس 30 اکتوبر کو جاری ہوگا، جبکہ امیدوار 2 سے 6 نومبر تک کاغذات جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو جاری کی جائے گی اور کاغذات کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی۔
ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 14 سے 18 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی، جن پر 19 سے 23 نومبر تک فیصلے ہوں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری جبکہ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ انتخابی نتائج کا اعلان 21 سے 24 دسمبر تک کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد سرکاری افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے لیے پیشگی اجازت لازمی قرار دے دی ہے۔ کمیشن کے مطابق شفاف اور منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کے لیے ضابطۂ اخلاق پر عمل درآمد کرایا جائے گا، جبکہ انتخابی امور بروقت نمٹانے کے لیے متعلقہ دفاتر کھلے رہیں گے۔