(ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے عام صارفین کے بعد اب کاروباری افراد کے لیے اپنا طاقتور اور جدید اے آئی ایجنٹ "میوز فار سمال بزنس" (Muse for Small Business) متعارف کرا دیا ہے، جسے کمپنی نے "ذاتی سپر انٹیلی جنس کے دور" کی اہم ترین پیش رفت قرار دیا ہے۔ یہ نیا سسٹم چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کو مختلف پلیٹ فارمز کے درمیان بار بار سوئچ کیے بغیر تمام کاروباری امور ایک ہی جگہ سنبھالنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
میٹا کا یہ نیا ایجنٹ دنیا بھر میں مقبول درجنوں ورک فلو، ڈیزائننگ، کمیونیکیشن اور ای کامرس ٹولز کو براہِ راست آپس میں جوڑتا ہے۔
اب کاروباری افراد ڈیزائننگ پلیٹ فارمز، کلاؤڈ اسٹوریج اور فائل شیئرنگ، آن لائن اسٹورز اور اکاؤنٹنگ سافٹ ویئرز کا ڈیٹا اسی پلیٹ فارم کے اندر رہتے ہوئے منظم کر سکتے ہیں۔
باضابطہ طور پر سپورٹ شدہ سروسز کے علاوہ صارفین اپنے کسٹم کنیکٹرز (Custom Connectors) بنا کر دیگر نجی ٹولز کو بھی اس نظام کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
میٹا کے مطابق یہ نظام کاروباری پیجز، اشتہاری اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا اینالیٹکس کو چند سیکنڈز میں آپس میں مربوط کر لیتا ہے۔
اس کا الگورتھم خود بخود سمجھ جاتا ہے کہ کاروبار میں کیا چیز فروخت ہو رہی ہے، برانڈ کا اندازِ گفتگو کیا ہے اور صارفین عموماً کس قسم کے سوالات پوچھتے ہیں، جس سے کسٹمر سپورٹ اور ریکارڈ مینجمنٹ انتہائی آسان ہو جاتی ہے۔
خودکار اے آئی ایجنٹس کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات کو دور کرتے ہوئے میٹا نے واضح کیا ہے کہ یہ سسٹم صارف کی پیشگی اجازت کے بغیر کوئی مواد شائع (Publish) نہیں کرے گا، نہ پیغامات بھیجے گا اور نہ ہی کوئی رقم خرچ کرے گا۔
فی الوقت یہ سروس امریکا اور کینیڈا میں دستیاب کی گئی ہے، جسے آئندہ مراحل میں دیگر ممالک تک وسعت دی جائے گی۔
ابتدائی مراحل میں سروس کو بعض بڑی آن لائن مارکیٹ پلیسز کے ساتھ تکنیکی پیچیدگیوں کا سامنا بھی رہا ہے، تاہم توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد اس کا دائرہ کار عالمی سطح پر پھیلا دیا جائے گا۔