(ویب ڈیسک) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں وزارتِ داخلہ کے زیرِ انتظام پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید 'گرینڈ خدمت مرکز' قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے شہریوں کو تمام بنیادی دستاویزات اور خدمات ایک ہی چھت تلے میسر آ سکیں گی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کراچی کے کاروباری مرکز آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع وزارتِ داخلہ کے زونل دفتر کا باضابطہ دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے جدید خدمت مرکز کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ اس گرینڈ خدمت مرکز میں وزارتِ داخلہ کے ماتحت تمام اداروں کے مخصوص کاؤنٹرز ایک ساتھ موجود ہوں گے۔
اس اقدام کے بعد شہریوں کو پاسپورٹ کا اجرا، قومی شناختی کارڈز (نادرا)، اسلحہ لائسنس کے اجراء و تجدید، مختلف نوعیت کے سرکاری این او سیز (NOCs) اور تصدیقی دستاویزات ایک ہی ون ونڈو چھت تلے حاصل ہوں گی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے متعلقہ حکام کو تمام جدید اور بنیادی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خدمت مرکز کا تفصیلی ماسٹر پلان آئندہ 10 روز کے اندر تیار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام انتظامی و مالی اقدامات بلا تاخیر مکمل کیے جائیں تاکہ کراچی کے باسیوں کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر کاٹنے کی زحمت سے نجات دلائی جا سکے۔