ویب ڈیسک: یوٹیوب نے صارفین اور کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے نئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد ویڈیوز کی تلاش، دیکھنے اور تیاری کے تجربے کو مزید آسان بنانا ہے۔
کمپنی نے سالانہ ’میڈ آن یوٹیوب‘ ایونٹ میں نئے فیچرز متعارف کرائے، جن میں نمایاں ’آسک یوٹیوب‘ بھی شامل ہے۔ اس کے ذریعے صارفین ویڈیو دیکھتے ہوئے اے آئی سے سوالات پوچھ سکیں گے، مصنوعات کی تلاش کرسکیں گے اور اپنی پسند کے مطابق ویڈیوز کی تجاویز حاصل کرسکیں گے۔ ٹی وی پر اسے وائس کمانڈ کے ذریعے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
یوٹیوب ’کسٹم فیڈز‘ بھی متعارف کرا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین ٹیکسٹ پرومپٹس کی مدد سے اپنی ہوم فیڈ کو دلچسپی، مزاج اور عادات کے مطابق ترتیب دے سکیں گے۔ یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا میں دستیاب ہوگا۔
کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے نیا اے آئی ٹول ٹیکسٹ پرومپٹس کے ذریعے ویڈیو ایڈیٹنگ میں مدد دے گا، جبکہ کمنٹس کی اے آئی پر مبنی ماڈریشن، لائیو اسٹریمز میں خودکار ترجمے اور صارفین کے چہروں و آواز کے غلط استعمال سے تحفظ کے لیے بھی نئے ٹولز متعارف کرائے جائیں گے۔