ویب ڈیسک: ایپل کے نئے اسمارٹ فونز آئی فون ایئر 2 اور اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کے ڈیزائن سے متعلق نئی لیکس سامنے آگئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر دونوں فونز کے ڈمی ماڈلز کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں، جن سے ان کے ممکنہ ڈیزائن اور فیچرز کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
لیک ہونے والے ڈمی ماڈلز کے مطابق آئی فون ایئر 2 کا ڈیزائن پہلے ماڈل کی طرح پتلا ہوگا، تاہم اس کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ میں تبدیلی متوقع ہے۔ نئے فون میں ایک کے بجائے دو کیمرے دیے جا سکتے ہیں، جن میں 48 میگا پکسل کا مین اور 48 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا شامل ہونے کا امکان ہے۔
iPhone Air 2 and iPhone 18 upcoming model https://t.co/SEtSCpcpxn
— Lusi Roy (@LusiRoy7) November 9, 2026
رپورٹس کے مطابق آئی فون ایئر 2 میں اے 20 سیریز کا پروسیسر اور پہلے ماڈل کے مقابلے میں بڑی بیٹری بھی دی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ پہلے آئی فون ایئر میں 3149 ایم اے ایچ بیٹری اور 48 میگا پکسل کا سنگل رئیر کیمرا موجود تھا۔
دوسری جانب آئی فون 18 کے ڈمی ماڈل سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا ڈیزائن آئی فون 17 سے زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔ لیکس کے مطابق نئے فون میں اے 20 چپ اور ایپل کا سی 2 موڈیم دیا جا سکتا ہے، جبکہ اس کی ابتدائی قیمت 899 ڈالر ہونے کا امکان ہے، جو آئی فون 17 کے مقابلے میں 100 ڈالر زیادہ ہوگی۔
واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے 2026 میں آئی فون متعارف کرانے کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ آئی فون 18 پرو، پرو میکس اور پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی رونمائی ستمبر 2026 میں کی گئی، جبکہ آئی فون ایئر 2 اور اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کو مارچ یا اپریل 2027 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔