جے یو آئی (ف) سمیت کسی جماعت کو مدارس پر اجارہ داری کا حق نہیں، ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ

جے یو آئی (ف) سمیت کسی جماعت کو مدارس پر اجارہ داری کا حق نہیں، ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ
کیپشن: جے یو آئی (ف) سمیت کسی جماعت کو مدارس پر اجارہ داری کا حق نہیں، ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ

ویب ڈیسک: کوئٹہ پریس کلب میں ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ اور جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رہنما قاری مہر اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دینی مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور اجتماعی تشخص کے تحفظ پر زور دیا۔

ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ کا کہنا تھا کہ دینی مدارس پوری امت مسلمہ کا مشترکہ علمی اور دینی اثاثہ ہیں، انہیں کسی فرد، تنظیم یا سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں سمجھا جا سکتا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کو مدارس کی نمائندگی یا ان کے معاملات پر اجارہ داری کا حق حاصل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کو سیاسی مفادات، انتخابی سرگرمیوں اور احتجاجی سیاست کے لیے استعمال کرنا قابل قبول نہیں۔ طلبہ کو سیاسی کشمکش کا حصہ بنانے کے بجائے ان کی تعلیم، تربیت اور مستقبل پر توجہ دی جانی چاہیے۔

ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ بلوچستان کے علماء اور مدارس کے مہتمم حضرات بھی مدارس کی آزادی اور غیر سیاسی تشخص کے تحفظ کے لیے ان کے مؤقف سے اتفاق کر رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دینی مدارس کو قومی تعلیمی نظام کا اہم حصہ تسلیم کرتے ہوئے ان کی سرپرستی کی جائے، طلبہ کو کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ اساتذہ کی تنخواہوں اور مالی مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مدارس کے مستقبل سے متعلق فیصلے کسی ایک سیاسی جماعت کی اجارہ داری کے بجائے تمام دینی وفاقوں، علماء اور متعلقہ فریقوں کی باہمی مشاورت سے کیے جائیں۔

ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے واضح کیا کہ ان کی جدوجہد کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ دینی مدارس کی خودمختاری، وقار اور غیر سیاسی تشخص کے تحفظ کے لیے ہے۔


 

Watch Live Public News