پاکستانی ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کی بھارت میں بھی دھوم، معروف بھارتی صحافی رویش کمار کا دلچسپ تبصرہ وائرل

 پاکستانی ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کی بھارت میں بھی دھوم، معروف بھارتی صحافی رویش کمار کا دلچسپ تبصرہ وائرل
کیپشن:  پاکستانی ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کی بھارت میں بھی دھوم، معروف بھارتی صحافی رویش کمار کا دلچسپ تبصرہ وائرل

ویب ڈیسک: پاکستانی ڈرامہ ’’ درِ نجات‘‘ کی مقبولیت سرحد پار بھی بڑھتی جا رہی ہے اور بھارت میں بھی اس کے کرداروں، کہانی اور نئی اقساط پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گفتگو کی جا رہی ہے۔ اب معروف بھارتی صحافی رویش کمار بھی اس ڈرامے کا حوالہ دینے کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

رویش کمار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں ڈرامے کے نام کو سیاسی طنز کے لیے استعمال کرتے ہوئے خوف سے نجات اور آزادی کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جمعے کے روز ’’ درِ نجات‘‘ دیکھنے کا انتظار کرتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا لوگوں نے خوف سے نجات کا انتظار کرنا چھوڑ دیا ہے؟

انہوں نے 2014 سے پہلے کے دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ٹی وی ڈراموں اور فلموں کی نئی اقساط کا بے صبری سے انتظار کیا کرتے تھے، تاہم وقت کے ساتھ ان کی دلچسپی کم ہوگئی۔

اپنے تبصرے میں رویش کمار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے صنعت کاروں سے مبینہ طور پر خوفزدہ نہ ہونے کے بیان کا بھی حوالہ دیا اور طنزیہ انداز میں صنعت کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ بھی برانڈ ڈیلز کی جائیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ دوست کون ہے اور خوف سے نجات ملتی ہے یا نہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رویش کمار نے سوشل میڈیا پر صارفین کے سوالات کے جواب میں واضح کیا کہ انہوں نے ابھی تک پاکستانی ڈرامہ ’’ درِ نجات‘‘ نہیں دیکھا۔ مرکزی کردار ابوبکر کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ ان کے بارے میں سنا ضرور ہے، لیکن دیکھا نہیں۔

ڈرامہ درِ نجات کے بارے میں

عمیرہ احمد کی تحریر اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں شہریار منور، درفشاں سلیم اور نمیر نواز خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ رومیصہ خان، سحر ہاشمی، ثانیہ سعید، صبا حمید، فرحان طاہر اور نادیہ افغان بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔

ڈرامے کی کہانی محبت، دھوکے، قربانی اور روحانی اصلاح جیسے موضوعات کے گرد گھومتی ہے۔
 

Watch Live Public News