ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اہلخانہ کے مطابق محمود بشیر ورک کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور لاہور کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج صبح ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
محمود بشیر ورک طویل عرصے تک ملکی سیاست میں فعال رہے اور مسلم لیگ ن کے سینئر ترین رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ وہ وفاقی وزیر قانون و انصاف کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے تھے۔
وہ اپنے سیاسی کیریئر میں 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 2024 کے عام انتخابات میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر این اے-77 گوجرانوالہ ون سے ایک لاکھ 9 ہزار 704 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
محمود بشیر ورک کے انتقال پر مسلم لیگ ن سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے افسوس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔