(ویب ڈیسک) بھارت کی سینئر اور معروف اداکارہ میتھو مکھرجی 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ وہ ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں اور گزشتہ ایک سال سے موذی مرض کینسر سے نبرد آزما تھیں۔
میتھو مکھرجی نے 1970ء اور 1980ء کی دہائیوں میں بنگالی اور ہندی سنیما میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
وہ بالخصوص بنگالی سنیما کا ایک انتہائی معروف اور معتبر نام تھیں، جہاں انہوں نے اپنے دور کے مایہ ناز اور لیجنڈری اداکاروں اتم کمار، سومیترا چٹوپادھیائے اور رنجیت ملک کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیے۔
ان کی مقبول ترین بنگالی فلموں میں 'مرجینا عبداللہ'، 'نشی کانیا' اور 'موچک' سمیت متعدد دیگر شاہکار شامل ہیں۔
بنگالی سنیما کے علاوہ انہوں نے ہندی فلم انڈسٹری میں بھی کام کیا، جن میں فلم 'خان دوست'، 'سفید جھوٹ'، 'دل لگی' اور 'دو لڑکے دونوں کڑکے' قابلِ ذکر ہیں۔
آل انڈیا سنیما ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے سینئر اداکارہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلمی دنیا میں ان کی شاندار خدمات اور فنی ورثے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کے ساتھی اداکار پروسین جیت چٹرجی نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان سے دلی تعزیت کی ہے۔