ویب ڈیسک: فن لینڈ کی 27 سالہ انفلوئنسر اولیویا اوراس کاسمیٹک سرجری سے قبل بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے دوران ہوش کھونے کے بعد انتقال کرگئیں۔
رپورٹس کے مطابق اولیویا ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک طریقۂ کار کے لیے موجود تھیں، جہاں بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم جانبر نہ ہوسکیں۔
اولیویا کے والدین ریجو اوراس اور جوہانا اوراس کے مطابق ان کی بیٹی بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج تھیں جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔
ہیلسنکی پولیس کے مطابق اولیویا کی موت کے تین روز بعد تحقیقات کی درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد واقعے میں ممکنہ جرم کے حوالے سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں۔
والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کاسمیٹک طریقۂ کار انجام دینے والے کلینک کی کسی ممکنہ غلطی کے باعث یہ واقعہ پیش آیا، تاہم اس حوالے سے حتمی نتائج تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
اولیویا نے 14 برس کی عمر میں انسٹاگرام کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔ 2016 میں ان کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم ’دی پرفیکٹ سیلفی‘ نے بھی انہیں نمایاں شہرت دلائی۔