(ویب ڈیسک)ہندی سنیما کے مایہ ناز ہدایت کار اور فلمساز سنجے گپتا ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر اچانک گرنے کے باعث 57 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ حادثے کے دوران ان کے سر پر شدید اندرونی چوٹ آئی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
میڈیا اور پولیس رپورٹس کے مطابق سنجے گپتا رات کے وقت اپنے گھر میں ایک کمرے سے دوسرے کمرے کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ فرش پر گر پڑے۔
حادثے کے وقت ان کی اہلیہ اور بچے اپنے کمروں میں سو رہے تھے، جس کے باعث رات گئے کسی کو بھی اس المناک واقعے کی بھنک نہ پڑ سکی۔
صبح جب گھر والے بیدار ہوئے تو انہوں نے فلمساز کو بے سدھ حالت میں پایا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد ان کے انتقال کی باضابطہ تصدیق کر دی۔
ورسووا پولیس اسٹیشن کے مطابق فلمساز کی موت گرنے سے سر پر لگنے والی شدید چوٹ اور خون بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔
پولیس نے واقعے کی باضابطہ انکوائری اور ایکسیڈنٹل ڈیتھ رپورٹ (ADR) درج کر لی ہے اور ابتدائی تفتیش میں کسی قسم کی سازش یا مشکوک عمل کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
سنجے گپتا نے 90ء کی دہائی میں فلم ’آتش‘ سے اپنے ڈائریکشن کیریئر کا آغاز کیا اور بالی وڈ میں کرائم تھرلر و ایکشن سنیما کو ایک نیا انداز بخشا۔
وہ بالخصوص اداکار سنجے دت کی مقبول ترین فلموں کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے، جن میں ’کانٹے‘ (2002)، ’مسافر‘ (2004)، ’زندہ‘ (2006) اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ (2007) جیسی سپرہٹ فلمیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا‘ اور ریتھک روشن کی فلم ’قابل‘ کی بھی ہدایت کاری کی تھی۔
ان کی ناگہانی موت پر سنجے دت، ہنسل مہتا، اشوک پنڈت اور بالی وڈ برادری نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے انڈسٹری کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔