دیو آنند کے صاحبزادے، اداکار و فلمساز سنیل آنند انتقال کر گئے

دیو آنند کے صاحبزادے، اداکار و فلمساز سنیل آنند انتقال کر گئے
کیپشن: دیو آنند کے صاحبزادے، اداکار و فلمساز سنیل آنند انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار دیو آنند کے صاحبزادے، اداکار اور فلمساز سنیل آنند 70 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل آنند کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اتفاق سے ان کا انتقال اسی اسپتال میں ہوا جہاں 2011 میں ان کے والد دیو آنند نے بھی آخری سانس لی تھی۔

سنیل آنند کی بھتیجی جینا نارنگ نے خاندان کی جانب سے جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ خانہ اس مشکل گھڑی میں ملنے والی دعاؤں، محبت اور اظہارِ ہمدردی پر شکر گزار ہیں، جبکہ عوام اور میڈیا سے نجی زندگی کے احترام کی اپیل کی گئی ہے۔

سنیل آنند نے 1984 میں اپنے والد کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم "آنند اور آنند" سے فلمی سفر کا آغاز کیا، تاہم فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔ بعد ازاں وہ "کار تھیف" (1986) اور "میں تیرے لیے" (1988) سمیت چند دیگر فلموں میں بھی نظر آئے، مگر بطور اداکار نمایاں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

اداکاری میں محدود کامیابی کے بعد سنیل آنند نے اپنے والد کے قائم کردہ پروڈکشن ہاؤس نوکیتن فلمز کے انتظامی امور سنبھالے اور فلمی ادارے کی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

Watch Live Public News