(ویب ڈیسک )پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار دانیال ظفر نے طویل اور مسلسل کام کے نتیجے میں صحت پر منفی اثرات پڑنے کے باعث شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر وقفہ لینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ پیغام میں دانیا ل ظفر نے کہا کہ مسلسل کام کے بوجھ کی وجہ سے وہ اب یہ شدت سے محسوس کر رہے ہیں کہ وہ اپنی ہمت اور برداشت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں۔
گلوکار کے مطابق گزشتہ 2 برسوں کے دوران وہ مسلسل سفر اور شوٹنگز کے شیڈول میں رہے، یہاں تک کہ ان کے لیے کسی ایک شہر یا جگہ پر چند دن سے زیادہ رکنا بھی ممکن نہ رہا۔
انہوں نے بتایا کہ اداکاری اور موسیقی جیسے دو انتہائی سخت اور مختلف شعبوں کو بیک وقت وقت دینا بے حد مشکل ثابت ہوا، جس نے ان کی جسمانی و ذہنی توانائی کو بری طرح متاثر کیا۔
دانیال ظفر نے واضح کیا کہ انہیں سختی سے اپنی صحت کو اولین ترجیح دینے کا مشورہ دیا ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے فی الوقت تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وہ مکمل طور پر تندرست اور ذہنی و جسمانی طور پر بحال ہونے کے بعد ہی دوبارہ اسکرین اور میوزک کی دنیا میں لوٹیں گے۔
یاد رہے کہ دانیال ظفر حال ہی میں دو مقبول ڈراموں ’رقص‘ اور ’زنجیریں‘ میں مرکزی کرداروں میں نظر آئے تھے۔اس کے علاوہ وہ اپنے آنے والے نئے اسٹوڈیو البم ’اسٹرومز اینڈ سیرنیٹی‘ (Storms and Serenity) کی تشہیر میں مصروف تھے، جس کی ریلیز ہفتے کے روز متوقع تھی۔