(ویب ڈیسک)بھارت کی تامل فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار کارتھک سبیش 37 سال کی عمر میں علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کارتھک سبیش منگل 20 اکتوبر کو بیماری سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔
ان کے خاندان پر یہ تین روز کے اندر دوسرا بڑا صدمہ ہے؛ اداکار کے انتقال سے محض تین دن قبل ان کے چچا اور معروف موسیقار دیوا بھی اس دنیا سے رخصت ہوئے تھے۔
کارتھک سبیش کا تعلق ایک نامور فنکار گھرانے سے تھا، وہ آنجہانی موسیقار سبیش کے صاحبزادے تھے، جنہوں نے موسیقار مرلی کے ساتھ مل کر مشہور جوڑی ’سبیش-مرلی‘ کے طور پر شاندار کام کیا۔
کارتھک نے تامل سنیما کی متعدد کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں ’دھم‘، ’ولّاون‘، ’پٹّاتھو یانائی‘، ’ادھیام این ایچ 4‘، ’برما‘، ’کادھل سولا وندھین‘ اور ’کولیر 100 ڈگری‘ شامل ہیں۔
کارتھک کی آخری رسومات چنئی کے علاقے والسراواکم کے قبرستان میں ادا کی گئیں۔
نوجوان اداکار کے اچانک بچھڑنے پر تامل فلم انڈسٹری کے نامور ستاروں رمیش تھلک اور جے نے ان کی رہائش گاہ جا کر لواحقین سے تعزیت کی اور مرحوم کے فن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔