سلطان آف جوہر کپ میں سنسنی خیز مقابلہ، ملائیشیا نے پاکستان کو شکست دیدی 

سلطان آف جوہر کپ میں سنسنی خیز مقابلہ، ملائیشیا نے پاکستان کو شکست دیدی 

(ویب ڈیسک) ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے انتہائی سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں میزبان ملائیشیا نے آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی ہے۔

جوہر بارو میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے محتاط کھیل پیش کیا اور کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی۔

دوسرے کوارٹر کے 21ویں منٹ میں ملائیشیا کے کھلاڑی ناونیش پانیکر نے شاندار فیلڈ گول کر کے میزبان ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔

تیسرے کوارٹر میں پاکستانی فارورڈز نے جارحانہ کھیل پیش کیا، جہاں عدیل نے 36ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔

عدیل نے بہترین فارم کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 43ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا بھی دوسرا گول اسکور کیا، جس کے بعد پاکستان کو میچ میں 1-2 کی سبقت حاصل ہو گئی۔

پاکستانی ٹیم میچ کے چوتھے اور آخری کوارٹر میں اپنی برتری کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ 51ویں منٹ میں رانا ولید کو امپائر نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا۔ایک کھلاڑی کی کمی کا خمیازہ پاکستانی ٹیم کو بھگتنا پڑا اور وہ شدید دفاعی دباؤ کا شکار ہو گئی۔

عددی برتری کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ملائیشیا کے محمد صالح نے 55ویں منٹ میں گول کر کے اسکور 2-2 برابر کر دیا۔

اس کے محض دو منٹ بعد یعنی 57ویں منٹ میں ناونیش پانیکر نے اپنا دوسرا اور ٹیم کے لیے تیسرا گول داغ کر ملائیشیا کو 2-3 کی فیصلہ کن برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

Watch Live Public News