(ویب ڈیسک)لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) کے سینٹر فار انٹرپرینیورشپ (LCE) میں گوگل اور گوگل ڈویلپرز گروپ (GDG) لاہور کے اشتراک سے خصوصی بوٹ کیمپ ’ پہلا قدم: ایپ ایڈیشن 2026‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستانی طلبہ اور ڈویلپرز کو عالمی ایپ اکانومی اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا تھا۔
لمز کے پرووسٹ ڈاکٹر طارق جدون نے گوگل کے اعلیٰ سطحی وفد کا خیرمقدم کیا اور کراچی میں گوگل پاکستان کے پہلے باضابطہ دفتر کے افتتاح پر مبارکباد پیش کی۔ گوگل کے سابق کنٹری کنسلٹنٹ اور لمز فیکلٹی ممبر بدر خوشنود نے جی ڈی جی لاہور اور لمز کے درمیان اس ایونٹ کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔

گوگل وفد کی قیادت امرے دوگان، فرحان قریشی اور فصیح مہتا نے کی، جبکہ دیگر ماہرین نے ایپ ڈویلپمنٹ، مارکیٹنگ، مونیٹائزیشن اور مصنوعی ذہانت (AI) کے کردار پر خصوصی سیشنز کیے۔

سینسر ٹاور کے اعداد و شمار کے مطابق، سال 2025ء میں صارفین نے دنیا بھر میں اِن ایپ خریداریوں (In-app Purchases) پر 167 ارب ڈالرز خرچ کیے، جو پچھلے سال سے 10.6 فیصد زیادہ ہیں۔
عالمی سطح پر لگ بھگ 149 ارب ایپس ڈاؤن لوڈ کی گئیں اور صارفین نے ایپس کے استعمال پر اندازاً 5.3 ٹریلین (کھرب) گھنٹے صرف کیے۔
بوٹ کیمپ میں پاکستان کی مقامی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا، بالخصوص گیم ڈسٹرکٹ (Game District) کی تیار کردہ گیم ’مائی سپر مارکیٹ سمیلیٹر‘ کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہا گیا جس کے رواں سال اب تک کے ڈاؤن لوڈز کی تعداد 6 کروڑ (60 ملین) سے تجاوز کر چکی ہے۔
ماہرین نے طلبہ کو روایتی ملازمتوں کے بجائے ایپ انٹرپرینیورشپ کی ترغیب دی اور واضح کیا کہ پاکستان میں تیار کردہ ایک ایپ کس طرح عالمی مارکیٹ میں مقبول ہو سکتی ہے۔
شرکاء کو گوگل پلے، اشتہاری آمدن، جدید مارکیٹنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے کوڈنگ کے جدید طریقے سکھائے گئے۔
خاص طور پر ’ گوگل اینٹی گریویٹی‘ پر مبنی سیشن میں بتایا گیا کہ ڈویلپرز نئے اے آئی ٹولز کے ذریعے کس طرح تیزی سے سافٹ ویئر بنا اور ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔
گوگل کا وفد اپنے اس دورے کے دوران ملک بھر میں مختلف تقاریب میں شرکت کرے گا۔ان ایونٹس میں گوگل کا فلیگ شپ ایونٹ ’تھنک ایپس‘ (Think Apps) اور پاکستان کی ڈیجیٹل کریئیٹر کمیونٹی کے لیے منعقد کیا جانے والا ملکی تاریخ کا پہلا یوٹیوب فیسٹیول (YouTube Festival) شامل ہیں۔