ویب ڈیسک: وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزیرِاعظم ہاؤس میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا استقبال کیا، جہاں معزز مہمان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے آغاز پر پاکستان اور مالدیپ کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے صدر محمد معیزو کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ اور خوش گوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ مالدیپ کے صدر نے اپنے وفد کے ارکان جبکہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا۔
واضح رہے کہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو تین روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔