ویب ڈیسک: میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد مقتول کے والد میر حسین نے رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خاندان کو تحقیقاتی عمل سے اطمینان ہے، تاہم احتجاج جاری رہے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر حسین نے وزیراعلیٰ سندھ، فریال تالپور اور جوڈیشل کمیشن کے جج کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کی سفارش کی گئی ہے، جس کا مطالبہ وہ اور ان کا خاندان پہلے دن سے کر رہے ہیں۔
میر حسین کے مطابق رپورٹ میں واقعے کو خودکشی کے بجائے قتل کے تناظر میں دیکھنے کی بات کی گئی ہے، جبکہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے انہوں نے خود بھی چند نام تجویز کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے سندھ پولیس کی غفلت اور نااہلی سامنے آئی ہے۔ رپورٹ میں ان پولیس افسران کی تحقیقات کی سفارش بھی کی گئی ہے جن کی وجہ سے کیس متاثر ہوا۔
مقتول کے والد نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی قائم کردہ چار رکنی کابینہ کمیٹی اس معاملے پر جلد کارروائی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج جاری رہے گا اور جے آئی ٹی کے قیام کا اعلان ہونے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔