ستمبر میں پاکستان کی آئی ٹی  برآمدات 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کے ساتھ دوسری بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

ستمبر میں پاکستان کی آئی ٹی  برآمدات 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کے ساتھ دوسری بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

(ویب ڈیسک)وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں برآمدی شعبے بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) سیکٹر کے لیے دی گئی ہدفی مراعات اور ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی بدولت آئی ٹی برآمدات میں تیز رفتار اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی برآمدات ستمبر 2026ء میں 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئیں، جو ملکی تاریخ میں کسی ایک ماہ کے دوران ہونے والی دوسری بلند ترین برآمدات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حجم دسمبر 2025ء میں قائم کیے گئے 43 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کے تاریخی ریکارڈ سے محض 20 لاکھ ڈالرز کم رہا۔

خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ ستمبر میں ہونے والی یہ برآمدات اگست 2026ء کے مقابلے میں 10 فیصد اور گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-27ء کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران ملکی آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم ایک ارب 25 کروڑ ڈالرز تک جا پہنچا۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں پہلی سہ ماہی کی برآمدات میں تقریباً 18 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

خرم شہزاد نے واضح کیا کہ آئی ٹی برآمدات میں یہ مسلسل اضافہ پاکستان کے لیے بغیر کسی نئے بیرونی قرض کے خالص زرمبادلہ کمانے کا سب سے مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔اس شعبے کی ترقی سے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ آمدن والی باوقار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں جبکہ ملکی معیشت کا عالمی منڈیوں کے ساتھ انضمام بھی تیزی سے ممکن ہو رہا ہے۔

Watch Live Public News