شہید میجر حسنین شہزاد، کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ ادا ، وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل کی شرکت

شہید میجر حسنین شہزاد، کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ ادا ، وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل کی شرکت

(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق  میجر حسنین شہزاد ہمایوں شہید اور کیپٹن عبدالصمد شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات و نشریات اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ بھی نمازِ جنازہ میں شریک ہوئے۔اس کے علاوہ سینئر سول و عسکری حکام، شہداء کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب  نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد 12 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب طیارہ حادثے میں شہید ہوئے تھے۔پاک فوج کے دونوں افسران مشاق تربیتی طیارے کے حادثے میں جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج اور پوری قوم کی جانب سے دونوں بہادر افسران کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔شہداء کی جرات، فرض شناسی اور وطن سے غیرمتزلزل وابستگی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میجر حسنین شہزاد ہمایوں شہید اور کیپٹن عبدالصمد شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا جائے گا،شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے فخر اور عزم و حوصلے کا سرچشمہ رہیں گی۔

Watch Live Public News