(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج (ای آر) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایویانکس سے لیس ہے، فتح ٹو میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فتح ٹو کی منفرد پرواز کی سمت اور راستہ بدلنے کی صلاحیت دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے میں معاون ہے، فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کی بدولت پاک فوج کی دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح ٹو کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کا کامیاب تجربہ، پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔