ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ روس سے ڈیزل کی اضافی سپلائی کی توقعات اور خلیجی خطے میں تیل کی ترسیل کو لاحق خطرات کا جائزہ بتایا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، سعودی عرب پر حملوں کے بعد سپلائی سے متعلق خدشات برقرار ہیں، تاہم سرمایہ کار روس سے ڈیزل کی ممکنہ اضافی فراہمی پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 1.2 فیصد کمی کے بعد 105.35 ڈالر فی بیرل، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 1.3 فیصد کمی سے 92.49 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
اس سے ایک روز قبل دونوں عالمی بینچ مارکس کی قیمتوں میں تقریباً 2 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا تھا، جبکہ برینٹ کی قیمت گزشتہ کاروباری سیشن میں 15 ستمبر کے بعد بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
تازہ کمی کے باوجود خلیجی خطے میں کشیدگی اور تیل کی عالمی سپلائی سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔ آئندہ دنوں میں قیمتوں کا انحصار خطے کی صورت حال اور روس سے اضافی سپلائی سے متعلق پیش رفت پر ہوگا۔