آنکھ میں فاضل مادوں کے اخراج کا نیا نظام دریافت

 آنکھ میں فاضل مادوں کے اخراج کا نیا نظام دریافت
کیپشن:  آنکھ میں فاضل مادوں کے اخراج کا نیا نظام دریافت

ویب ڈیسک: سائنس دانوں نے آنکھ کے پچھلے حصے سے فاضل مادوں کے اخراج کا ایک نیا نظام دریافت کیا ہے، جس سے گلوکوما اور بینائی متاثر کرنے والی دیگر بیماریوں کے علاج کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا اور یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے محققین نے آنکھ میں نکاسی کے اس نظام کو پوسٹیریئر آکیولر لمفیٹک آؤٹ فلو (POLO) کا نام دیا ہے۔ یہ نظام آنکھ کے پچھلے حصے سے فاضل مادوں کو جسم کے لمفی نظام تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے۔

محققین کے مطابق، آنکھ کے پچھلے حصے میں فاضل مادوں، سیال اور سوزش پیدا کرنے والے اجزا کا جمع ہونا بینائی کو متاثر کرنے والی مختلف بیماریوں سے منسلک ہو سکتا ہے۔ نئی دریافت سے یہ سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ آنکھ ان مادوں کو کیسے خارج کرتی ہے اور اس نظام میں خرابی سے بیماریاں کیسے جنم لیتی ہیں۔

یو بی سی کے شعبہ امراضِ چشم کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نیرو گپتا کے مطابق، ریٹینا میں میٹابولزم کی سرگرمیاں بہت زیادہ ہوتی ہیں، جس کے باعث وہاں مسلسل فاضل مادے پیدا ہوتے رہتے ہیں جن کا اخراج ضروری ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت آنکھوں کی بیماریوں کو سمجھنے اور مستقبل میں علاج کے نئے طریقے وضع کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

تاہم، یہ تحقیق فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہے اور نتائج چوہوں پر کیے گئے تجربات سے حاصل ہوئے ہیں۔ انسانوں میں اس نظام کے کردار اور ممکنہ علاج کی افادیت جانچنے کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔

Watch Live Public News