ویب ڈیسک: ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے میں اب تک 6 افراد کے جاں بحق اور 30 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تمام لاشوں اور زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ ہے۔ حادثے کے بعد ڈیڑھ سالہ بچی لاپتا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔
ڈی ایس ریلوے کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی کام کر رہی ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ حادثے کی وجہ سے متعلق فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو ریلوے اسٹیشن منتقل کرنے کے لیے متبادل کوچ فراہم کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بھی حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق اور زخمی مسافروں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔