ویب ڈیسک: امریکی ریاست مونٹانا میں سافٹ بال ٹورنامنٹ کے دوران بچپن میں بچھڑ جانے والی دو سگی بہنیں اچانک آمنے سامنے آگئیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 19 سالہ سمانتھا رینسولڈ اپنے کالج کی ٹیم کی جانب سے کھیل رہی تھیں کہ ان کی ساتھی کھلاڑی نے مخالف ٹیم کی 18 سالہ کیان ڈین کی غیر معمولی مشابہت کی جانب توجہ دلائی۔
دونوں بہنوں کو بچپن میں الگ الگ خاندانوں نے گود لیا تھا، اس لیے وہ ایک دوسرے سے ناواقف تھیں۔ تاہم، سمانتھا کو معلوم تھا کہ ان کی ایک چھوٹی بہن بھی ہے۔
میچ کے بعد سمانتھا نے اپنی والدہ کو کیان ڈین کے بارے میں بتایا۔ بعد ازاں کھلاڑیوں کے ناموں اور پیدائشی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا تو انکشاف ہوا کہ دونوں دراصل سگی بہنیں ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کی شکلیں ہی نہیں بلکہ کھیلنے کا انداز اور پسند بھی ملتے جلتے تھے۔ دونوں ہائی اسکول میں ایک ہی پوزیشن پر کھیلتی رہیں اور ان کے جرسی نمبر بھی ایک جیسے تھے۔