برسوں سے میوزیم میں کھڑی ’نائٹ رائیڈر‘ کار کو نیویارک میں اسپیڈنگ ٹکٹ جاری

برسوں سے میوزیم میں کھڑی ’نائٹ رائیڈر‘ کار کو نیویارک میں اسپیڈنگ ٹکٹ جاری

(ویب ڈیسک) امریکا میں ایک دلچسپ اور پراسرار واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک میوزیم میں برسوں سے نمائش کے لیے کھڑی مشہور ٹی وی سیریز “ نائٹ رائیڈر” کی نقل (Replica) کار کو نیویارک میں تیز رفتاری پر جرمانہ کر دیا گیا۔

شکاگو کے قریب واقع وولو میوزیم( Volo Museum) کو نیویارک سٹی سے 50 ڈالر کا اسپیڈنگ ٹکٹ موصول ہوا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کی سیاہ رنگ کی پونٹیاک ٹرانس ایم ( Pontiac Trans Am ) کار 22 اپریل کو بروکلین میں 25 میل فی گھنٹہ کی حد کے بجائے 36 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔

حیران کن بات یہ ہے کہ یہ کار برسوں سے میوزیم کی نمائش کا حصہ ہے اور کہیں گئی ہی نہیں۔

ٹکٹ کے ساتھ ٹریفک کیمروں کی تصاویر بھی شامل تھیں، جن میں “KNIGHT” نمبر پلیٹ والی ایک سیاہ ٹرانس ایم( Trans Am) دکھائی گئی — بالکل ویسی ہی جیسی 1980 کی مشہور ٹی وی سیریز“ نائٹ رائیڈر”( Knight Rider ) میں دکھائی گئی تھی۔ اسی نمبر پلیٹ کو نیویارک میں 2024 کے آخر سے اب تک پانچ دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں سے بھی جوڑا گیا ہے۔

میوزیم کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر جم ووجڈیلا( Jim Wojdyla )نے کہا کہ “یہ واقعی مزاحیہ ہے۔ ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ نیویارک کا ٹکٹ، کیلیفورنیا کی نمبر پلیٹ اور الی نوائے کے میوزیم کو آپس میں کیسے جوڑ دیا گیا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس “اصل نائٹ رائیڈر” کو تلاش کرنا چاہتے ہیں کیونکہ گاڑی حیرت انگیز حد تک اصلی لگتی ہے۔

یاد رہے کہ “ نائٹ رائیڈر” میں ڈیوڈ ہاسل ہاف( David Hasselhoff) نے ایک ایسے ہیرو کا کردار ادا کیا تھا۔ جس کی باتیں کرنے والی ذہین کار “KITT” ناظرین میں بے حد مقبول ہوئی تھی۔ یہ سیریز 1982 سے 1986 تک نشر ہوئی تھی۔

میوزیم نے اس دلچسپ واقعے کو سوشل میڈیا پر بھی خوب مزاحیہ انداز میں پیش کیا۔ ان کی ایک پوسٹ میں لکھا تھا:

“کیا کسی کے پاس ہیسل ہاف کا نمبر ہے؟ وہ ہمارے 50 ڈالر کے مقروض ہیں!”

Watch Live Public News