(ویب ڈیسک ) اب سونے کے زیورات بیچنے کے لیے نہ تو دکاندار کے پاس جانے کی ضرورت ہے اور نہ ہی لمبی چوڑی کاغذی کارروائی کی۔
چین کے شہر شنگھائی کے ایک شاپنگ مال میں ایک جدید اے ٹی ایم مشین لگائی گئی ہے جو سونے کے زیورات صرف 30 منٹ میں چیک کر کے ان کی قیمت صارف کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیتی ہے۔
یہ جدید "گولڈ اے ٹی ایم" چین کے کنگ ہڈ گروپ نے تیار کی ہے، جو سونے کی جانچ، پگھلانے، اور قیمت کا اندازہ لگا کر فوری ادائیگی کرتی ہے۔ اس مشین میں صرف وہی زیورات قبول کیے جاتے ہیں جن میں کم از کم 3 گرام وزن اور 50 فیصد خالص سونا ہو۔
شنگھائی کے شہریوں میں یہ سہولت بہت مقبول ہو گئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں اس مشین کے ذریعے اپنا سونا بیچنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ یہاں تک کہ مئی تک کی تمام اپائنٹمنٹس بھی بک ہو چکی ہیں، جو اس کی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے۔