نیویارک میں میئر ظہران ممدانی کے ہم شکلوں کا مقابلہ، فاتح نے 100 ڈالر جیت لیے

نیویارک میں میئر ظہران ممدانی کے ہم شکلوں کا مقابلہ، فاتح نے 100 ڈالر جیت لیے

(ویب ڈیسک): امریکی شہر نیویارک میں میئر ظہران ممدانی کے ہم شکلوں کا دلچسپ مقابلہ منعقد کیا گیا، جسے دیکھنے اور فیصلہ کرنے کے لیے سیکڑوں افراد واشنگٹن اسکوائر پارک کے قریب جمع ہوگئے۔

مقابلے میں امادیو فوسکا نے میدان مار لیا، جو شرٹ کے نیچے این بی اے چیمپئن نیویارک نِکس کی جرسی پہن کر سوٹ میں ملبوس تھے۔ فوسکا نے ظہران ممدانی سے مشابہہ ہیئر کٹ اور داڑھی بھی بنوا رکھی تھی۔ فاتح کو 100 ڈالر انعام دیا گیا۔

جنوری میں میئر کا منصب سنبھالنے والے ڈیموکریٹک سوشلسٹ ظہران ممدانی سوشل میڈیا اور نیویارک کے نوجوانوں میں خاصی مقبولیت حاصل کرچکے ہیں۔ اس منفرد مقابلے کا انعقاد سوشل میڈیا ایپ سونڈر کی جانب سے کیا گیا۔

مقابلے میں 9 افراد نے شرکت کی، جن میں سے بیشتر نے ممدانی کے انداز اور حلیے کو اپنانے کی کوشش کی۔ شرکاء نے مہم کے دوران ممدانی کے پہنے ہوئے براؤن سوٹ، سرخ و سیاہ ڈیزائن والی ٹائیاں، ڈریس شوز، گہرے نیلے اور سیاہ سوٹس جبکہ چاندی کی انگوٹھیاں پہن رکھی تھیں۔

ایک امیدوار نے بغیر شرٹ کے ایپرن پہن کر شرکت کی، جو 2019 میں ظہران ممدانی کی بنائی گئی ایک ریپ میوزک ویڈیو کی جانب اشارہ تھا۔

مقابلے کے دوران شرکاء سے صرف ایک سوال پوچھا گیا کہ ان کی پسندیدہ پیزا کون سی ہے؟ فاتح کا فیصلہ کسی جیوری نے نہیں بلکہ شرکاء کے حق میں ملنے والی تالیوں کی گونج سے کیا گیا۔

ابتدائی طور پر شرکاء اور شائقین واشنگٹن اسکوائر پارک میں جمع ہوئے تھے، تاہم پولیس نے انہیں بتایا کہ مقابلے کے لیے اجازت نامہ حاصل نہیں کیا گیا، جس کے بعد تمام افراد پارک سے باہر منتقل ہوگئے اور وہیں مقابلہ منعقد کیا گیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ظہران ممدانی کے ہم شکلوں کا مقابلہ ہوا ہو۔ 2025 میں بھی، جب ممدانی میئر کے انتخابی امیدوار تھے، بروکلین میں ان کے ہم شکلوں کے درمیان اسی نوعیت کا مقابلہ منعقد کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News