ویب ڈیسک: کراچی کے شہریوں کے لیے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رعایت فیئر پرائس شاپس پر فراہم کی جائے گی۔
وزیر خوراک سندھ اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ چند روز سے کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔
فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ کے وائس چیئرمین عابد محسود کے مطابق آٹے کی قیمت میں کمی کے باوجود گندم کی دستیابی ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت فلور ملز کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دے تو اسے 100 روپے فی کلو تک کی قیمت پر درآمد کیا جا سکتا ہے، جس سے آٹے کی قیمت کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ گندم کی قلت دور نہ ہوئی تو آٹے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔