ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے قرضوں کی مالیت 2028 تک 1.1 ٹریلین روپے سے بڑھا کر 2.2 ٹریلین روپے کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت سمیڈا سے متعلق اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو کاروباری قرضوں کی فراہمی آسان بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں ملکی معیشت کو ترقی دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
وزیراعظم نے پسماندہ علاقوں میں کاروبار کے مواقع بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے اور مختلف شعبوں میں کاروبار شروع کرنے کے لیے ماہرین سے فزیبلٹی اسٹڈیز تیار کرانے کی بھی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کے عوام کو معاشی مواقع فراہم کرنے سے بڑے شہروں کی جانب نقل مکانی میں کمی لانے اور مقامی سطح پر ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔