ویب ڈیسک: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ایتھوپیا کے سفیر عمر حسین اوبا نے ملاقات کی، جس میں پاکستانی ادویات کی ایتھوپیا کی منڈی تک رسائی، تجارتی روابط کے فروغ اور سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت رانا احسان افضل، سیکرٹری تجارت جواد پال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
جام کمال خان نے ایتھوپیا میں پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کو منڈی تک رسائی دینے اور ادویات کی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت افریقی منڈیوں میں برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر نے بتایا کہ ادویات کی رجسٹریشن کے زیر التوا معاملات متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے گئے ہیں اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
سیکرٹری تجارت جواد پال نے ایتھوپیا کی تکنیکی ٹیم کے دورۂ پاکستان کو جلد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کا معائنہ کر سکے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے، ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں ایتھوپیا کی شمولیت کے عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔