ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم جاری رہے گی، جس کے لیے 75 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں اسکیم پر عمل درآمد کرنے والے وزراء اور افسران کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کوششوں سے ایک کروڑ سے زائد مستحق شہری اس اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق اب تک ایک کروڑ 8 لاکھ 80 ہزار سے زائد شہری رجسٹریشن کروا چکے ہیں، جبکہ ایک کروڑ ایک لاکھ 98 ہزار افراد کو واؤچرز جاری کیے گئے۔ مجموعی طور پر 2 کروڑ 70 لاکھ ٹوکن جاری ہوئے، جن میں سے ایک کروڑ 94 لاکھ ٹوکن استعمال کرکے شہریوں نے رعایتی قیمت پر پیٹرول حاصل کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکل، چنگ چی، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں رکھنے والے شہریوں کو ماہانہ 2 ہزار روپے کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم پر عمل درآمد میں تعاون کرنے پر صوبائی حکومتوں، متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔