ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات، ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال، امن و امان سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔ ملاقات میں وزیر اعظم کی معاونت نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ نے کی۔
سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے صدر مملکت کی معاونت کی۔ ملاقات میں منگل اکتوبر 13 کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا غیر معمولی اجلاس بھی کل طلب کر لیا۔ کابینہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ سے منظوری کے بعد گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ دس روز میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری آئینی تقاضا ہے۔ پارلیمنٹ سے سادہ اکثریت سے منظوری کے بعد خیبرپختونخوا میں غیر معمولی اقدامات نافذ العمل ہوں گے۔