ویب ڈیسک: بھارت میں شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں پاکستان کی شرکت حکومتی اجازت نہ ملنے کے باعث ممکن نہیں رہی، جس کے نتیجے میں گرین شرٹس ٹائٹل کا دفاع نہیں کر سکیں گے۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان کے مطابق ٹیم نے ایونٹ میں شرکت کے لیے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے اجازت طلب کی تھی، تاہم چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارت جانے کی اجازت نہ ملنے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں اور فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027، 23 جنوری سے 7 فروری تک حیدرآباد دکن میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں ہونے والے گزشتہ ایڈیشن کا ٹائٹل جیتا تھا۔
فواد اعجاز خان نے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کیا اور ٹورنامنٹ کے منتظمین و شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔