ویب ڈیسک: کرکٹ میں ایک نئے فارمیٹ ’ ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس میں لڑکے اور لڑکیاں الگ الگ اننگز کھیلیں گے، تاہم دونوں کا اسکور ٹیم کے مجموعی اسکور میں شامل ہوگا۔
یہ ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جائے گا، جس میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز شریک ہوں گے۔ کھلاڑیوں کو چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں ہر ٹیم کے 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گے۔
فارمیٹ کے تحت لڑکے اور لڑکیاں اپنی اپنی کیٹیگری میں مقابلہ کریں گے، جبکہ میچ کا فیصلہ دونوں کے مشترکہ اسکور کی بنیاد پر ہوگا۔ ہر میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا۔ پہلے 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور سفید لباس میں، جبکہ اگلے 40 اوورز فلڈ لائٹس میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے مشاورتی بورڈ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے کلائیو لائیڈ شامل ہیں، جبکہ ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں ہونے والے ایونٹ کا فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہِ راست نشر کیے جانے کی توقع ہے۔