(ویب ڈیسک) پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور سنہری سنگِ میل عبور کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار سے زائد رنز مکمل کر لیے ہیں۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کی تاریخ کے محض پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے یہ تاریخی کارنامہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران انجام دیا۔اس میچ کے ساتھ ہی تینوں فارمیٹس میں ان کے مجموعی بین الاقوامی رنز کی تعداد 16 ہزار 38 تک پہنچ گئی۔
بابر اعظم نے 66 ٹیسٹ میچوں میں 4 ہزار 771 رنز بنائے ، 144 ون ڈے میچز میں6 ہزار 671 رنز جبکہ 145 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 4 ہزار 596 رنز بنائے۔32 سالہ بلے باز اب تک اپنے بین الاقوامی کیریئر میں مجموعی طور پر 32 سنچریاں اور 111 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے کا قومی ریکارڈ سابق کپتان انضمام الحق کے پاس ہے، جنہوں نے 495 میچوں میں 20 ہزار 541 رنز بنائے۔
فہرست میں لیجنڈری بلے باز یونس خان دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، جن کے مجموعی رنز کی تعداد 408 انٹرنیشنل میچوں میں 17 ہزار 790 ہے۔