ممبئی میں ٹائیگر شروف پر فائرنگ، اداکار محفوظ رہے، دو افراد زخمی

 ممبئی میں ٹائیگر شروف پر فائرنگ، اداکار محفوظ رہے، دو افراد زخمی
کیپشن:  ممبئی میں ٹائیگر شروف پر فائرنگ، اداکار محفوظ رہے، دو افراد زخمی

ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر ممبئی کے علاقے جوہو میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم اداکار محفوظ رہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اتوار کی شام موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے فائرنگ کی، جس سے ٹائیگر شروف کے ڈرائیور اور ایک رکشہ ڈرائیور کو چوٹیں آئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ تعلق رکھنے والے انیل پنڈت نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پوسٹ میں ہرمَن سندھو کا نام بھی لیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹائیگر شروف کو پہلے فون کرکے سمجھانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم مبینہ طور پر بات نہ ماننے پر فائرنگ کی گئی۔ پوسٹ میں مزید دھمکی دی گئی کہ ممبئی کی فلم انڈسٹری میں ان کے مطالبات نہ ماننے والے یا سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، تاہم سوشل میڈیا پوسٹ میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے سے متعلق دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ 36 سالہ ٹائیگر شروف معروف اداکار جیکی شروف کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے 2014 میں فلم ’ہیروپنتی‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور ایکشن و اسٹنٹ پر مبنی کرداروں کے باعث شہرت حاصل کی۔

Watch Live Public News