ویب ڈیسک: مشہور امریکی ٹی وی سیریز ’ بریکنگ بیڈ‘ میں والٹر وائٹ جونیئر، المعروف فلِن، کا کردار ادا کرنے والے اداکار آر جے مِٹ 34 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان کے انتقال کی تصدیق ٹیکساس کے شہر براؤنز وِل میں ہوئی۔ ان کی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی نے موت کی اطلاع دیتے ہوئے وجہ اور حالات سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔
آر جے مِٹ اداکاری کے ساتھ معذور افراد کے حقوق کے لیے سرگرم تھے۔ ان کے انتقال پر ’ بریکنگ بیڈ‘ کے ساتھی اداکاروں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
سیریز میں ان کے والد والٹر وائٹ کا کردار ادا کرنے والے برائن کرینسٹن نے انسٹاگرام پر لکھا، ’’بیٹے، تمہاری کمی محسوس ہوگی۔‘‘ جیسی پنک مین کا کردار ادا کرنے والے آرون پال نے بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ ڈین نورس، مارلی میٹلِن اور لیا تھامسن نے ان کی شخصیت اور کام کو سراہا۔
امریکی ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق ایک کاؤنٹی عہدیدار نے بھی ان کی موت کی تصدیق کی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ویب سائٹ نے نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے خودکشی کی اطلاع دی، تاہم موت کی وجہ کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
ٹی ایم زیڈ کے مطابق آر جے مِٹ نے 2025 میں کینیڈی سواریز کو شادی کی پیشکش کی تھی اور دونوں کی منگنی ہو چکی تھی۔