ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مونی رائے اور دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت سوراج نمبیار نے شادی کے چار سال بعد علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
دونوں نے سوشل میڈیا پر جاری مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ اپنی زندگی کے اس حساس مرحلے کو ’’نجی اور باوقار انداز‘‘ میں طے کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے انہوں نے عوام اور میڈیا سے ان کی پرائیویسی اور فیصلے کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے تعلقات کے حوالے سے ’’جھوٹی خبریں اور من گھڑت کہانیاں‘‘ گردش کر رہی ہیں، جو حقیقت پر مبنی نہیں۔
مونی رائے اور سوراج نمبیار کا کہنا تھا کہ انہوں نے باہمی مشاورت اور سوچ بچار کے بعد اپنی ذاتی ترجیحات کو مدِنظر رکھتے ہوئے الگ راستوں پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ مستقبل میں اپنی دوستی اور باہمی احترام کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
اداکارہ نے اپنے پیغام کے ساتھ مداحوں اور میڈیا سے درخواست کی کہ بے بنیاد افواہوں اور غلط خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کیا جائے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں ان کی علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کر دیا تھا، جبکہ مونی رائے کی جانب سے مشترکہ تصاویر ڈیلیٹ یا آرکائیو کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔