میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

 میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
کیپشن: میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ہی ان کا 14 سالہ بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہو گیا۔

اسکائی اسپورٹس کے مطابق 38 سالہ گلین میکسویل نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔ وہ 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ سمیت 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہے۔

میکسویل نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے اور 130 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ انہوں نے اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔

ون ڈے کرکٹ میں میکسویل نے 3 ہزار 990 رنز اور 77 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 201 رنز رہا۔

ان کی یہ تاریخی اننگز 2023 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف سامنے آئی، جب انہوں نے 128 گیندوں پر ناقابلِ شکست 201 رنز بنا کر آسٹریلیا کو ناممکن دکھائی دینے والی فتح دلا دی۔ اس وقت آسٹریلیا 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں میکسویل نے 2 ہزار 897 رنز بنانے کے ساتھ 51 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں ان کا بہترین اسکور 145 رنز رہا۔

میکسویل نے 2013 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 7 ٹیسٹ میچز میں ایک سنچری سمیت اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ میکسویل جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے تھے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں عمان کے خلاف میچ ان کا آخری انٹرنیشنل مقابلہ تھا۔

Watch Live Public News