ویب ڈیسک: افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔ وہ اس فارمیٹ میں 200 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
راشد خان نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں اپنے کیریئر کے 120ویں میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے زمبابوین بیٹر مارو مانی کو آؤٹ کرکے اپنی 200ویں وکٹ مکمل کی۔
میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 205 رنز بنا سکی۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 50 گیندوں پر 118 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور ایک وکٹ بھی حاصل کی، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
راشد خان نے 6 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے علاوہ 29 رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کی، جبکہ عبداللہ احمد زئی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔