ویب ڈیسک: فضائی آلودگی اور اسموگ آنکھوں کے لیے بھی خطرناک، سرخی، خشکی اور جلن کا سبب بن سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ہوا میں موجود دھول، باریک ذرات اور آلودہ مادے آنکھوں کی حساس سطح کو متاثر کرتے ہیں، جس سے سوزش، خارش اور تکلیف پیدا ہوسکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آلودگی آنکھوں کو نم رکھنے والی قدرتی آنسوؤں کی تہہ (Tear Film) کو متاثر کرتی ہے، جس سے آنکھوں میں خشکی اور بے چینی بڑھ جاتی ہے۔ یہ مسئلہ خاص طور پر خشک آنکھوں کے مریضوں اور طویل وقت تک موبائل یا کمپیوٹر استعمال کرنے والوں میں زیادہ ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ باہر نکلتے وقت عینک پہنیں، آنکھوں کو رگڑنے سے گریز کریں اور ڈاکٹر کے مشورے سے چکنا کرنے والے آئی ڈراپس استعمال کریں۔
گھر واپس آکر بند آنکھوں پر ٹھنڈے پانی میں بھگویا ہوا صاف کپڑا چند منٹ رکھنے سے جلن میں آرام مل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ آلودگی زیادہ ہونے پر کھڑکیاں بند رکھیں اور ممکن ہو تو ایئر پیوریفائر استعمال کریں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آنکھوں میں شدید لالی، درد، روشنی سے تکلیف یا دھندلا دکھائی دینے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔