پرانے اسمارٹ فونز رکھنے والوں کیلئے بری خبر، واٹس ایپ  بالکل بھی استعمال نہیں کر سکیں گے

پرانے اسمارٹ فونز رکھنے والوں کیلئے بری خبر، واٹس ایپ  بالکل بھی استعمال نہیں کر سکیں گے

(ویب ڈیسک) میٹا کی زیرِ ملکیت دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ پرانے اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سخت پابندی عائد کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے بعد پرانے اینڈرائیڈ اور آئی فونز پر واٹس ایپ کا استعمال مکمل طور پر ناممکن ہو جائے گا۔

واٹس ایپ کی اندرونی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ 'WABetaInfo' کی رپورٹ کے مطابق، میٹا بہت جلد پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والی ڈیوائسز کے لیے ایک سخت وارننگ جاری کرنے جا رہا ہے۔

یہ وارننگ خود واٹس ایپ کے پرانے ورژن کے بجائے فون کے پرانے آپریٹنگ سسٹم (OS) سے متعلق ہوگی۔

ایک بار جب یہ وارننگ صارف کی اسکرین پر نمودار ہوگی تو صارف کے لیے ایپ تک رسائی مکمل طور پر منقطع ہو جائے گی، یعنی صارف اس وارننگ کو نظرانداز کر کے واٹس ایپ پر لاگ اِن نہیں ہو سکے گا۔

اب تک یہ سہولت تھی کہ کسی فون کے لیے باضابطہ سپورٹ ختم ہونے کے بعد بھی اگر ایپ انسٹال رہتی تو صارفین میسجز بھیجنے یا وصول کرنے کا بنیادی کام کر سکتے تھے۔

تاہم، نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد پرانی ڈیوائسز پر لاگ اِن کو براہِ راست بلاک کر دیا جائے گا، جس سے ایپ کو بغیر سسٹم اپ ڈیٹ کیے کسی بھی طرح استعمال کرنا ناممکن ہو جائے گا۔

اگر صارف کا فون نیا آپریٹنگ سسٹم سپورٹ نہیں کرتا تو واٹس ایپ چلانے کے لیے نیا اسمارٹ فون خریدنا ہی واحد راستہ ہوگا۔

اگرچہ رپورٹ میں مخصوص ورژنز کی حتمی فہرست واضح نہیں کی گئی، لیکن کمپنی نے حال ہی میں اینڈرائیڈ 5.0 اور 5.1 کے لیے سپورٹ ختم کر کے کم از کم اینڈرائیڈ 6.0 کو لازمی قرار دیا تھا۔

آئی فون صارفین کے لیے 30 نومبر 2026 سے واٹس ایپ چلانے کے لیے کم از کم iOS 15.5 کی ضرورت ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق اس نئے سیکیورٹی اقدام کے حتمی نفاذ کی تاریخ کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن میٹا کی جانب سے اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

Watch Live Public News