ویب ڈیسک: ایران پر امریکی فوج کے ممکنہ زمینی حملے سے متعلق قیاس آرائیوں پر ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ عہدیدار محمد رضا نقدی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران پر زمینی حملے کی جرأت نہیں کرے گا، کیونکہ ایسا اقدام امریکی فوج کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کی خفیہ ملاقاتوں میں بھی زمینی حملے پر بات نہیں ہوئی، جبکہ اس حوالے سے گفتگو محض میڈیا پروپیگنڈے تک محدود ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ زمینی حملے کی صورت میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی گرفتار ہوسکتے ہیں اور امریکا کو ہتھیار ڈالنے پڑ سکتے ہیں۔
محمد رضا نقدی نے مزید کہا کہ عراق اور افغانستان میں فوجی کارروائیوں پر امریکا کے تقریباً 7 ٹریلین ڈالر خرچ ہوئے، لیکن ان جنگوں کے باوجود امریکا اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکا۔